• پاکستانی شہریوں کے قتل پر بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

    وزارت خارجہ نے بھارتی فورس کی فائرنگ سے دو پاکستانی شہریوں کے قتل پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرا دیا۔
    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بیدیاں سیکٹر میں بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کے اہلکاروں کے ہاتھوں دو پاکستانی شہریوں کے قتل پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا
    دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بھارتی بی ایس ایف اہلکاروں نے نہتے شہریوں کے خلاف بلااشتعال طاقت کا استعمال کیا، طاقت کا یہ استعمال مکمل طور پر بلاجواز اور انتہائی غیر متناسب تھا۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان نے جاں بحق افراد کو درانداز قرار دینے کی کوشش کو بھی مسترد کردیا اور بھارت پر واضح کیا گیا کہ یہ واقعہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

    دفتر خارجہ کے مطابق اس طرح کے واقعات بین الاقوامی قانون کے تحت شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے بھی شدید خدشات پیدا کرتا ہے، واقعہ کی فوری، شفاف اور قابلِ اعتماد تحقیقات کرائی جائے، ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف مناسب محکمانہ اور قانونی کارروائی کی جائے۔

    وزارت خارجہ کی جانب سے یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ تحقیقات کے نتائج اور کارروائی سے متعلق پاکستان کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے، بھارت بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کا احترام یقینی بنائے، بھارت دوطرفہ معاہدوں اور سرحدی امور سے متعلق طے شدہ طریقہ کار پر عمل کرے

    30 مناظر