
ٹرمپ نے حوثیوں کے خلاف کارروائی کی سعودی درخواست مسترد کر دی
امریکی صدر ٹرمپ نے سعودی ولی عہد کی حوثیوں کے خلاف کارروائی کی درخواست کو مسترد کردیا۔
امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس نے دعویٰ کیا ہے کہ بحیرہ احمر میں حوثیوں سےلاحق خطرے پر سعودی ولی عہد نے گزشتہ روز امریکی صدر ٹرمپ سے دو بار ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق محمد بن سلمان نے ٹرمپ پر زور دیا کہ وہ حوثیوں کے خلاف کارروائی کریں تاہم امریکی صدر نے حوثیوں کے خلاف کارروائی سے انکار کردیا۔
ایگزیوس کے مطابق ٹرمپ نے امریکی فوج کو ایران اور آبنائے ہرمز پر توجہ مرکوز رکھنے کی ہدایت کی ہے، ٹرمپ یمن کی صورت میں ایک اور محاذ کھولنے سے گریزاں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکا سعودی عرب کو حوثیوں کے خلاف انٹیلی جنس اور اہداف سے متعلق معلومات فراہم کرے گا، امریکا بحیرہ احمر میں آزادانہ آمدورفت کے تحفظ پر توجہ دے گا، حوثیوں سے نمٹنے کے لیے علاقائی اتحادیوں کو آگے رکھا جائے گا۔
ایکسیوس کے مطابق امریکی عسکری اور سول حکام نے حالیہ ہفتوں میں سعودی ہم منصبوں سے رابطہ کیا جب کہ امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر ہنگامی رابطہ اجلاسوں کے لیےگزشتہ روز سعودی عرب گئے۔
امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق واشنگٹن میں سعودی سفارت خانے اور وائٹ ہاؤس نے اس حوالے سے تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔
30 مناظر