• شہباز شریف 3 روزہ سرکاری دورے پر کرغزستان روانہ

    وزیراعظم شہبازشریف کرغز صدر کی دعوت پر 3 روزہ سرکاری دورے پر کرغستان کے دارالحکومت بشکیک روانہ ہوگئے۔
    وفاقی وزراء جام کمال خان، عبدالعلیم خان اور عطاء اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

    وزیراعظم محمد شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے اور مختلف علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے، شہباز شریف ایس سی او پلس سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

    وزیراعظم ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی بھی شرکت کریں گے۔

    دورے کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کرنے والے مختلف ممالک کے رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، ملاقاتوں میں باہمی تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری، علاقائی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    وزیراعظم محمد شہباز شریف کرغزستان کے صدر سے دوطرفہ ملاقات کریں گے، ملاقات میں پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔

    وزیراعظم کے دورۂ کرغزستان کے دوران تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی روابط، تعلیم، سیاحت اور عوامی روابط کے فروغ پر بات چیت ہوگی۔

    10 مناظر