
مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی کی صورتحال برقرار
پی ڈی ایم اے پنجاب نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی کی صورت حال برقرار ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دریاوں کا بہاؤ مستحکم رہا، دریائے سندھ میں کالا باغ چشمہ اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے۔
کالا باغ 2 لاکھ 73 ہزار اور چشمہ میں 3 لاکھ 13 ہزار کیوسک ہے، تونسہ بیراج میں پانی کا بہاو 3 لاکھ 64 ہزار کیو سک ہے۔
دریائے چناب میں سیلابی صورتحال میں کمی ہو رہی ہے، دریائے چناب میں سیلابی صورتحال نچلے درجے پر آگئی ہے، خانکی، قادر آباد اور تریموں کے مقام پر نچلے دجے کا سیلاب ہے۔
خانکی کے مقام پر 1 لاکھ 20 ہزار کیوسک اور قادر آباد کے مقام پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 23 ہزار کیوسک ہے، تریموں میں پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 84 ہزار کیوسک ہے، مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دریائے ستلج اور جہلم میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔
دریائے راوی میں سدھنائی کے مقام پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، سدھنائی کے مقام پر پانی کا بہاو 60 ہزار کیوسک ہے، جسڑ، شاہدرہ اور بلوکی کے مقام پر بہاو نارمل ہے۔
وزیرآباد نالا پلکھو میں اونچے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، نارروال نالا بسنتر میں نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے، نالا پھلکو میں پانی کا بہاؤ 5 ہزار کیوسک ہے، نالا بسنتر میں پانی کا بہاؤ 3 ہزار کیوسک ہے۔
بالائی علاقوں میں بارشوں کے سبب دریاؤں کے بہاؤ میں اضافہ ہوا، دریائے چناب کے اپر کیچمنٹس میں بارشیں رک چکی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں سے دریائے چناب میں طغیانی میں کمی ہو رہی ہے۔
ڈی جی عمر عباس میلہ نے کہا کہ دریاؤں کے پاٹ میں موجود شہری فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں، حکومت پنجاب کی جانب سے ممکنہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انتظامات مکمل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلڈ ریلیف کیمپس میں تمام تر بنیادی سہولیات اور ادویات فراہم کی جائیں گی، شہریوں سے گزارش ہے کہ موسم و سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریاؤں نہروں اور ندی نالوں کے اطراف سیرو تفریح سے گریز کریں۔
پی ڈی ایم اے کے ڈی جی عمر عباس نے کہا کہ دریاؤں کی کراسنگ کیلئے معیاری بوٹس اور لائف جیکٹس کی فراہمی یقینی بنائی جائے، بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں دریاؤں ندی نالوں میں ہرگز نہانے مت دیں۔
21 مناظر