
پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارشوں سے تباہی، مختلف حادثات میں 23 افراد جاں بحق
ملک کے مختلف حصوں میں مون سون کا سپیل جاری ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں کے باعث چھتیں، دیواریں گرنے اور سیلابی ریلوں کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے، مختلف حادثات کے نتیجے میں 23 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوچکے ہیں، کئی گھر بھی متاثر ہوئے ہیں۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق پنجاب میں بارشوں کے باعث چھتیں گرنے اور دیگر حادثات میں 9 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔
لاہور کے قریب رائیونڈ کے علاقے کوٹ بابو خان میں گھر کی چھت گر گئی، ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق ہوا اور 3افراد زخمی ہوگئے، جبکہ لاہور میں بند روڈ گلشن راوی کے قریب چھت گرنے سے 4 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پاکپتن کے گاؤں 75 ڈی میں کمرے کی چھت گرنے سے خاتون اور ہوتہ میں کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ہوئے، گجرات میں چھتیں گرنے سے ایک شخص دم توڑ گیا جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے، سیالکوٹ میں بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق گوجرانوالہ میں بارش کے باعث چھتیں اور دیواریں گرنے کے 8 مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق، 14 زخمی ہوئے، کرنٹ لگنے کے 3 مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہوئے۔
ساہیوال میں چھتیں گرنے سے ایک خاتون جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے، منڈی بہاؤالدین میں چھتیں اور دیواریں گرنے سے 8 افراد زخمی ہوئے، بہاولنگر میں شیڈ گرنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔
پنڈی بھٹیاں میں طوفانی بارش کے باعث سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کرنا پڑ رہا ہے، فیصل آباد، بھلوال میں بھی بادل خوب برسے، جس کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے، جھنگ شہر اور گردونواح میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا سپیل 24 جولائی تک جاری رہے گا۔
خیبرپختونخوا
دوسری جانب صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں مختلف حادثات کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق اور 19 افراد زخمی ہو چکے ہیں، جاں بحق ہونے والے افراد میں 6 مرد، 6 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 11 مرد، 4 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، بارشوں اور فلش فلڈ سے اب تک 28 مکانات متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 6 گھر مکمل طور پر منہدم جبکہ 22 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق حادثات پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، چترال لوئر، دیر لوئر و اپر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، تورغر، کرم اور شمالی وزیرستان میں پیش آئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں مسلسل جاری ہیں، جبکہ صوبے کے تمام دریاؤں اور ندی نالوں میں فی الحال پانی کی سطح اور بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
پی ڈی ایم اے نے یہ بھی تنبیہ کی ہے کہ صوبے میں بارشوں کا یہ سلسلہ 23 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
28 مناظر