• پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے اقدامات قابلِ ستائش ہیں: طیب اردوان

    ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔
    وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ استبول میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رجب طیب اردوان کا پاکستانی وفد کا گرمجوشی سے خیرمقدم کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات تاریخی، برادرانہ اور مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی گئی اور تعلقات کی موجودہ رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

    ترکیہ کے صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور ہر مشکل وقت میں باہمی تعاون جاری رہے گا۔

    اپنی گفتگو میں رجب طبیب اردوان نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کو عالمی امن کے لیے اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا۔

    اُن کا پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہنا تھا کہ ترکیہ ہر شعبے میں پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔

    ترکیہ کے صدر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں اور معاہدوں کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش، بشمول اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں پیش رفت، پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

    مزید برآن مشترکہ پریس کانفرنس میں دونوں ممالک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سیاسی، معاشی اور دفاعی تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔

    26 مناظر