• حکمرانوں اور بیرونی طاقتوں کی خواہشات پر تاریخ مسخ کی گئی: خواجہ آصف

    وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک میں استاد اور شاگرد کے رشتے کا تقدس متاثر ہوا ہے، جبکہ تعلیمی نصاب اور تاریخ کو مختلف ادوار میں حکمرانوں اور بیرونی طاقتوں کی ترجیحات کے مطابق مسخ کیا گیا، جس کے باعث نئی نسل کو درست تاریخی شعور اور کردار سازی پر مبنی تعلیم نہیں مل سکی۔
    سیالکوٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اموجودہ تعلیمی نصاب اپنی اصل روح سے ہٹ چکا ہے، ان کے دور میں پاکستان تحریک، برصغیر، مسلم تاریخ اور عالمی تاریخ جس معیار کے ساتھ پڑھائی جاتی تھی، آج وہ معیار برقرار نہیں رہا۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ مختلف ادوار میں حکمرانوں کی سیاسی ضروریات اور بعض سپر پاورز کو خوش کرنے کے لیے تاریخ کو تبدیل اور مسخ کیا گیا، جس کے نتیجے میں طلبہ کو کئی ایسے حقائق پڑھائے گئے جو حقیقت پر مبنی نہیں تھے۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ نصاب طلبہ کی ایسی شخصیت سازی نہیں کر رہا جس کی معاشرے اور ملک کو ضرورت ہے، تعلیم کا مقصد صرف ڈگری حاصل کرنا یا سرکاری ملازمت پانا نہیں، بلکہ ایسے باکردار اور ذمہ دار شہری تیار کرنا ہے جو معاشرے کے لیے رول ماڈل ثابت ہوں۔

    وزیر دفاع نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی نظام اور نصاب کو قومی ضروریات اور معاشرتی تقاضوں کے مطابق تشکیل دینا ہوگا تاکہ نئی نسل کو درست تاریخی شعور، بہتر اخلاقی اقدار اور مثبت کردار کے ساتھ مستقبل کی ذمہ داریاں نبھانے کے قابل بنایا جا سکے۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ ملک کی ضروریات کے مطابق نصاب نہیں پڑھایا جا رہا، بہت سی طالبات میڈیکل ڈگری حاصل کرنے کے بعد عملی طب نہیں کرتیں، یہ ہمارے معاشرے کا ایک بڑا المیہ ہے، اسے دور کرنا اساتذہ کی ذمہ داری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کو خود منزل کا پتہ نہیں، وہ دوسروں کی کیا رہنمائی کریں گے، آئینی ترمیم کے مطابق شناخت پاکستانی ہونی چاہئے، علاقائی نہیں، قومی شناخت کے تقاضوں کے لیے خطے میں پڑھایا جانے والا نصاب انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ قومی شناخت کے فروغ کے لیے پنجاب سے گلگت بلتستان تک یکساں نصاب ہونا چاہئے، قومی اہداف کے حصول کے لیے ابھی بہت طویل سفر طے کرنا ہے، گزشتہ ڈیڑھ سال میں حاصل کی گئی کامیابیوں کی مثال 78 برس کی تاریخ میں نہیں ملتی۔

    وزیر دفاع نے کہا کہ معرکۂ حق کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی، دہشت گردی سے پہچانا جانے والا ملک آج امن کی علامت بن کر ابھرا ہے، خطے کو تباہی سے بچانے میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا اہم کردار رہا، سیاست دان باہمی اختلافات کے بجائے ملکی ترقی کے لیے کردار ادا کریں۔

    7 مناظر