• ٹرمپ اور لاطینی امریکا کے ممالک کا وینزویلا کی مدد کا اعلان

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ وینزویلا میں آنے والے دو زلزلوں کی شدت بہت زیادہ تھی اور ان کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
    ان کا کہنا ہے کہ امریکہ مدد کیلئے تیار، پرعزم اور مکمل طور پر قابل ہے، تمام اداروں فوری کارروائی کیلئے تیار رہیں، ہم اپنے نئے اور عظیم دوستوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

    اس سے قبل امریکی نائب وزیرِ خارجہ برائے غیر ملکی امداد جیرمی لیون نے کہا تھا کہ ان کا ملک وینزویلا میں تلاش اور امدادی ٹیمیں، طبی سہولیات اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی سامان بھیجے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ محکمۂ خارجہ کی ڈیزاسٹر اسسٹنس ٹیم وینزویلا کی قائم مقام حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

    دوسری جانب لاطینی امریکہ کے دیگر ممالک نے بھی مدد کی پیشکش کی ہے۔

    ایل سلواڈور کے صدر نایب بوکیلے نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے 50 ٹن سازوسامان اور امدادی اشیاء کے ساتھ 300 ریسکیو اہلکار تیار کر لئے ہیں جو کراکس روانہ ہونے کیلئے تیار ہیں۔

    ایکواڈور کے صدر ڈینیئل نوبوا ازین کے مطابق ان کا ملک بھی فوری طور پر وینزویلا کو امداد بھیجنے کا انتظام کر چکا ہے۔

    ادھر برازیل کے صدر لوئز اناسیو لولا دا سلوا نے کہا ہے کہ ان کا ملک جائزہ لے گا کہ وہ اپنے برادر ملک کی مدد کیلئے کیا اقدامات کر سکتے ہیں۔

    میکسیکو کے وزیرِ خارجہ روبرٹو ویلاسکو الواریز نے بھی وینزویلا کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی ہے۔

    27 مناظر