
پاکستان خطے کے امن کیلئے تعمیری اور فعال کردار ادا کرتا رہے گا: ترجمان دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا ایران معاہدے میں عالمی برادری نے پاکستان کے تعمیری کردار کو تسلیم کیا ہے، پاکستان خطے کے امن کیلئے اپنا تعمیری اور فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کا ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہنا تھا کہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا خصوصی دورہ کیا، ایرانی صدر نے صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں کیں، وزیراعظم سے باضابطہ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم کیا۔
انہوں نے کہا کہ برگن سٹاک سوئٹزر لینڈ میں ایران، امریکا کے درمیان پاکستان کی ثالثی میں مذاکرات ہوئے، پاکستان اور قطر نے بطور ثالث شرکت کی، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی نمائندگی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں متعدد نکات پر بات چیت کی گئی، بطور ثالث پاکستان اور قطر کی تکنیکی ٹیم مزید پیش رفت کے لئے فریقین سے رابطے میں ہے، پاکستان متعدد ممالک کی جانب سے بطور ثالث تعریف و حمایت کا خیرمقدم کرتا ہے، اس سارے عمل میں پاکستانی میڈیا نے ذمہ داری اور پیشہ ورانہ لگن کا مظاہرہ کیا۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ دوسرے مرحلے کیلئے 3 مخصوص تکنیکی ورکنگ گروپس بنائے گئے ہیں، پہلا گروپ نیوکلیئر پروگرام کے حوالے سے معاملات دیکھ رہا ہے، دوسرا گروپ پابندیوں اور منجمد اثاثوں کے امور کا جائزہ لے رہا ہے، جبکہ تیسرا گروپ لبنان کی صورتحال پر کام کر رہا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور قطر کی تکنیکی ٹیمیں امریکا، ایران کی تکنیکی ٹیموں کے ساتھ رابطے میں رہیں گی، پاکستان علاقائی امن کیلئے اپنے تعمیری کردار پر عالمی برادری کی ستائش کا خیر مقدم کرتا ہے، پاکستان خطے کے امن کیلئے اپنا تعمیری اور فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ 21 جون کو پاکستان، مصر، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں اسلام آباد ایم او یو اور برگن سٹاک مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا، نائب وزیر اعظم نے سعودی عرب، اٹلی، کینیڈا، بحرین، ایران سمیت مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے بات کی۔
صومالیہ میں پاکستانی یرغمالیوں کی محفوظ رہائی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ جبوتی سے پاکستانی سفارتی ٹیم صومالیہ کا دورہ کر رہی ہے اور سفارتی ذرائع، دوست ممالک، مقامی این جی اوز اور انصار برنی سمیت مختلف چینلز کے ذریعے رہائی کی کوششیں جاری ہیں۔
22 مناظر