• انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم اور ایڈیشنل آئی جی،سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ کی چکوال واقعہ کے حوالے سے اہم پریس کانفرنس

    ڈی پی آرپنجاب پولیس
    مورخہ18 جون 2026؁ء فون نمبر:99210075

    ہینڈآؤٹ نمبر368

    انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم اور ایڈیشنل آئی جی،سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ کی چکوال واقعہ کے حوالے سے اہم پریس کانفرنس
    چکوال واقعہ پر انتہائی رنجیدہ ہیں اور ننھی ہانیہ کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم
    متاثرہ فیملی کو یقین دلاتے ہیں کہ اس کیس میں نہ صرف انصاف ہوگا بلکہ انصاف ہوتا ہوا نظر بھی آئیگا۔ ایڈیشنل آئی جی سہیل ظفر چٹھہ
    متاثرہ فیملی نے سی سی ڈی کی تفتیش پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ سہیل ظفر چٹھہ

    لاہور18 جون: انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم اور ایڈیشنل آئی جی، سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ نے لاہور میں چکوال واقعہ کے حوالے سے اہم پریس کانفرنس کی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ چکوال واقعہ پر انتہائی رنجیدہ ہیں اور ننھی ہانیہ کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ یہ واقعہ نہ صرف متاثرہ فیملی بلکہ ہم سب کے لیے بھی انتہائی دکھ کا باعث ہے۔ہم نے اس واقعہ کو انتہائی سنجیدگی سے لیا ہے اور اس واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات جاری ہیں، بہت جلد اس واقعہ کے حوالے سے چالان مکمل کر کے عدالت میں جمع کروا دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شفاف تحقیقات کو یقینی بنانے کے لیے ایک ایس ایس پی کی سربراہی میں جے آئی ٹی بنائی گئی ہے جس کا مقصد شفاف تحقیقات کرکے سچائی جاننا ہے۔ پنجاب گورنمنٹ کے متعلقہ ادارے اور پولیس تحقیقات میں جے آئی ٹی سے بھرپور تعاون کر رہی ہے تاکہ اصل حقائق کو منظر عام پر لایا جا سکے۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ ہم بطور ادارہ اس واقعہ کے جواب دہ ہیں اس لیے ہماری پوری کوشش ہے کہ شفاف تحقیقات کے ذریعے واقعہ کے صحیح حقائق منظر عام پر لائے جا سکیں اور جرم ثابت ہونے پر قرار واقعی سزا کو یقینی بنایا جا سکے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ آج ہی میں ڈیرہ غازی خان میں دہشت گردی کے واقعہ میں قیمتی جانوں کی قربانی دینے والے دو شہداء کے گھر تعزیت کے لیے گیا تھا۔ یہ شہداء پنجاب پولیس کے ماتھے کا جھومر ہیں کیونکہ انہوں نے قانون کی حکمرانی اور جرائم سے پاک پنجاب کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔ پنجاب پولیس کے جوانوں کا مورال بلند ہے اور وہ ملک و قوم کی حفاظت کے لئے آج بھی اسی چیک پوسٹ کے مقام پر پہلے سے زیادہ بہادری اور جذبہ قربانی سے سرشار ہو کر قدم جمائے کھڑے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے چکوال واقعہ کے حوالے سے کہا کہ متاثرہ فیملی کو ہر صورت میں مکمل انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور کوشش کی جائے گی کہ آئندہ اس قسم کا کوئی واقعہ رونما نہ ہو۔ ایڈیشنل آئی جی، سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ نے کہا کہ چکوال واقعہ ہم سب کے لیے انتہائی دکھ کا باعث ہے واقعہ کے فوراً بعد میں خود متاثرہ فیملی کے گھر گیا اور ان سے اظہار تعزیت کیا، میں نے معصوم ہانیہ کی قبر پرپھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ دورے کے دوران میں نے متاثرہ فیملی کو اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ اس واقعہ کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تفتیش کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور متاثرہ فیملی کو ہر صورت انصاف ملے گا۔ انھوں نے کہا متاثرہ فیملی نے سی سی ڈی کی تفتیش پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ سہیل ظفر چٹھہ نے مزید کہا کہ سی سی ڈی نے واقعہ کے فوراً بعد نہ صرف ملزم کو معطل کر کے گرفتار کیا بلکہ متاثرہ فیملی کی درخواست پر اپنے آفیسر کے خلاف دفعہ 302 کے تحت مقدمہ بھی درج کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ڈی کی تحقیقاتی ٹیم نے اس واقعہ کے تمام شواہد جس میں ملزم کی سرکاری رائفل، گولیوں کے خول اور دیگر شواہد شامل ہیں، کو برآمد کر کے ریکارڈ کا حصہ بنایا ہے تاکہ اس کیس کو جلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔ سہیل ظفر چٹھہ نے کہا کہ آئندہ ہفتے کے اختتام تک ہر صورت تحقیقات مکمل کر کے ہر لحاظ سے مکمل چالان عدالت میں جمع کروا دیا جائے گا۔سہیل ظفر چٹھہ نے مزید کہا کہ آسٹریلین گورنمنٹ نے بھی اس حوالے سے رابطہ کیا ہے اور ہم نے ان کو اس بات کی یقین دہانی کروائی ہے کہ اس واقعہ کے حوالے سے شفاف تحقیقات کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور متاثرہ فیملی کو ہر صورت میں انصاف ملے گا۔ سہیل ظفر چٹھہ نے کہا کہ ہم نے اس واقعہ کے بعد اپنے ایس او پیز کا ازسر نو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ آئندہ اس قسم کا واقعہ رونما نہ ہو انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم جلد اپنے افسران اور اہلکاروں کی خصوصی ٹریننگ منعقد کر رہے ہیں جس میں انہیں قانون کی مکمل پاسداری اور ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کے حوالے سے خصوصی ٹریننگ دی جائے گی۔ سہیل ظفر چٹھہ نے کہا کہ سی سی ڈی ہیومن رائٹس کا سختی سے پابند ہے اور اس کے تمام آپریشنز میں اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ معصوم شہریوں کی زندگیوں کو کوئی نقصان نہ پہنچے، چاہے اس کے لیے کوئی انتہائی مطلوب اشتہاری فرار ہی کیوں نہ ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک جرائم کی روک تھام کے حوالے سے سی سی ڈی کی کارکردگی مثالی رہی ہے اور اس کی کوششوں سے انتہائی مختصر وقت میں جرائم کی شرح میں بھی واضح کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ جرائم کے خاتمے کے لیے سی سی ڈی کی اس کوشش کے دوران سی سی ڈی کے دو افسران اب تک شہید جبکہ 200 سے زائد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں متاثرہ فیملی اور آپ سب سے وعدہ کرتا ہوں کہ اس کیس میں نہ صرف انصاف ہوگا بلکہ انصاف ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا۔
    ٭٭٭٭٭

    53 مناظر