
امریکا کے ایرانی تنصیبات پر حملے، کویت اور بحرین میں جوابی میزائل داغ دیئے گئے
امریکا نے آج صبح سویرے ایران میں گوروک اور جزیرہ قشم میں ریڈار تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا جبکہ پاسداران انقلاب نے امریکی حملے کے جواب میں خطے میں موجود امریکی فضائی اڈوں کو میزائلوں سے نشانہ بنایا۔
امریکی سینٹ کام نے کہا ہے کہ امریکی طیاروں نے مبینہ طور پر داغے گئے 4 ایرانی ڈرونز کے جواب میں کارروائی کی، امریکی فوج نے تمام ایرانی ڈرونز کو مار گرایا۔
امریکی سینٹ کام نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز اور خلیجی ممالک کی طرف داغے گئے متعدد بیلسٹک میزائل اور ڈرونز کو روکا، حملے میں کسی امریکی اہلکار کو نقصان نہیں پہنچا۔
امریکی فوج کی مرکزی کمان نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جو اس کے مطابق گوروک اور جزیرہ قشم میں ایران کے ریڈار مقامات کو نشانہ بنائے جانے کی ہے، بحری آمد و رفت کو لاحق فوری نوعیت کے خطرے کے جواب میں امریکی افواج نے ان مقامات کو نشانہ بنایا۔
اس سے قبل سینٹکام نے ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی طرف داغے گئے چار خودکش ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔
ایرانی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کے قریب امریکی بحری جہازوں کی موجودگی پروارننگ فائر کیے گئے تھے۔
ایرانی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ امریکی حملے کے جواب میں خطے میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا جبکہ 4 ٹینکروں پر فائرنگ کی جو بغیر اجازت آبنائے ہرمزعبور کرنے کی کوشش کررہےتھے۔
پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ امریکی کارروائیاں جاری رہیں تو آبنائے ہرمز مکمل طور پر بند کردی جائے گی، آبنائے ہرمز کی مکمل بندش کا ذمہ دار امریکا ہوگا۔
امریکی فوج کے مطابق ایران نے7میزائل داغے، جن میں سے 6 روک لیے گئے، ساتواں ہدف تک نہ پہنچ سکا۔
کویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کونا نے ملک کی مسلح افواج کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ کویت کا فضائی دفاع کا نظام سنیچر کے روز حملہ آور میزائلوں اور ڈرونز کو روک رہا ہے۔
امریکی فوج نے اعلان کیا ہے کہ بغیر پرچم والے ڈاوینا نام ایک ایسے تیل بردار بحری جہاز کو بحر ہند میں روک کر تلاشی لی گئی جس پر پابندیاں ہیں۔
دوسری طرف بحرین کی وزارتِ داخلہ نے اعلان کیا ہے خطرے کے سائرن بجائے گئے ہیں اور ملک میں فضائی انتباہ جاری کر دیا گیا ہے۔
29 مناظر