• پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات مضبوط، باہمی تعاون کے نئے دور کا آغاز

    پاکستان عالمی سطح پر سفارتی، اقتصادی اور سٹریٹجک شراکت داریوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے متحرک سفارتی روابط کو فروغ دے رہا ہے، جبکہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا ہے۔
    وزیراعظم شہباز شریف اور جوناتھن پاول کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات میں سکیورٹی، تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، تاہم ملاقات کے دوران برطانیہ کی جانب سے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔

    برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان معاشی تعلقات انتہائی مضبوط ہیں اور برطانیہ یورپ میں پاکستان کا اہم ترین اقتصادی شراکت دار ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ برطانیہ کی 200 سے زائد کمپنیاں پاکستان میں فعال ہیں جبکہ مجموعی سرمایہ کاری 910 ارب روپے سے تجاوز کر چکی ہے، برطانیہ پاکستان کی تیسری بڑی برآمدی منڈی بھی ہے، جبکہ برطانوی کمپنیوں کی پاکستان میں موجودگی ملکی معیشت پر اعتماد کا واضح اظہار ہے۔

    جین میریٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت گزشتہ سال 6 ارب ڈالر سے بڑھ کر اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، برطانوی کمپنیاں پاکستان میں روزگار کے مواقع، ٹیکنالوجی کی منتقلی، ٹیکس ریونیو میں اضافے اور برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

    پاکستان اور برطانیہ کے درمیان یہ مضبوط شراکت داری دونوں ممالک کے درمیان پائیدار ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی استحکام کی بنیاد کو مزید مستحکم بنا رہی ہے۔

    18 مناظر