
امریکہ ایران کیخلاف جھوٹی اور گمراہ کن معلومات پھیلا رہا ہے، ایرانی مشن
اقوام متحدہ میں ایران کے مشن نے کہا ہے کہ امریکہ سلامتی کونسل میں ایران کے خلاف جھوٹ، بے بنیاد الزامات اور گمراہ کن معلومات پھیلا رہا ہے۔
ایرانی مشن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں کہا کہ واشنگٹن ایران اور اس کے پرامن جوہری پروگرام کے خلاف جھوٹ اور پروپیگنڈے کی مہم چلا رہا ہے، امریکہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی بحری ناکہ بندیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور خطے میں اسرائیلی کارروائیوں اور مبینہ جرائم کی مسلسل حمایت کر رہا ہے۔
ایرانی مشن کے مطابق اصل مجرم اور چور اب خود کو منصف اور جج کے طور پر پیش کر رہے ہیں اور اپنے جرائم کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مندوب نے مزید کہا کہ امریکہ تاریخ میں ایٹمی ہتھیاراستعمال کرنے والا واحد ملک ہے، امریکہ غیر قانونی ناکہ بندیوں اور خطے میں اسرائیلی مظالم کی حمایت کا ذمے دار ہے، امریکہ پرامن جوہری تنصیبات اور شہری انفرا سٹرکچر پر حملوں کا بھی ذمے دار ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اطلاعات کے مطابق آبنائے ہرمز سے متعلق امریکہ اور خلیجی ممالک کی جانب سے تیار کی گئی ایک قرارداد کو اقوام متحدہ کے تقریباً دو تہائی رکن ممالک کی حمایت حاصل ہو چکی ہے، اور اس پر جلد ووٹنگ متوقع ہے۔
27 مناظر