• ایران جوہری پروگرام جاری نہ رکھنے پر آمادہ ہو گیا: صدر ٹرمپ کا دعویٰ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ ایران جوہری پروگرام جاری نہ رکھنے سمیت کئی معاملات پر آمادہ ہوچکا ہے۔
    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایران اب شدت سے ڈیل چاہتا ہے، یہ بہت آسان ہے بس ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار نہ ہوں، ایران کی فضائیہ اور نیوی کو تباہ کر دیا ہے۔

    صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے میزائل اور ریڈار ختم کر دیئے ہیں، ایران کے رہنما مارے جا چکے، ہم جیت چکے ہیں، ہم ایران سے وہ حاصل کریں گے جو چاہئے، گزشتہ 24 گھنٹے میں ایران کے ساتھ مثبت بات چیت ہوئی۔

    امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ اب یہ ممکن ہے کہ ایران کے ساتھ ڈیل ہو جائے، پہلے بھی ایران کے ساتھ اچھی بات ہوئی تھی لیکن بعد میں وہ بھول گئے، ایران کی پہلے اور دوسرے لیول کی قیادت ماری جاچکی، یہ رجیم چینج ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بات بالکل سیدھی اور صاف ہے ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار نہیں ہو سکتے، ایران سے متعلق ہم اچھی پوزیشن میں ہیں، حالات ٹھیک ہیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکی صدر یہ عندیہ بھی دیا کہ مذاکرات کے ذریعے حل نکالنے کے لئے امریکی میڈیا میں زیرگردش 30 دن کی مہلت کی رپورٹ قابل ترمیم ہے اور کبھی کوئی ڈیڈلائن نہیں ہوتی۔

    واضح رہے کہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا تھا کہ امریکا کی جانب سے دی گئی تجاویز کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ جنگ کے خاتمے کے لئے معاہدہ طے پاجائے۔

    انہوں نے واضح کرتے ہوئے کہا تھا کہ سنجیدہ مذاکرات کے لئے ڈکٹیشن یا بھتے کی دھمکیوں کے بجائے خلوص نیت ضروری ہوتی ہے تاہم جیسے ہی امریکی تجاویز پر اپنے حتمی رائے قائم ہوجائے گی تو اس حوالے سے پاکستان کو آگاہ کردیا جائے گا۔

    20 مناظر