• پاکستان کا حال اور مستقبل مشرقِ وسطیٰ سے جڑا ہے: سفیر رضوان سعید شیخ

    امریکا کی معروف تعلیمی درسگاہ جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں چوتھی سالانہ پاک امریکا کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے کلیدی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا جغرافیہ ہی نہیں بلکہ اس کا حال اور مستقبل بھی مشرق وسطیٰ سے جڑا ہوا ہے۔
    سفیر پاکستان نے اپنے خطاب میں پاکستان کی جغرافیائی، سیاسی اور اقتصادی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملک نے علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے قیام میں ہمیشہ مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی نتیجہ خیز کردار ادا کرتا رہے گا۔

    کانفرنس میں معروف امریکی تھنک ٹینکس کے اراکین، سابق سفراء اور ماہرین نے بھی شرکت کی اور پاکستان کو درپیش مختلف چیلنجز، معاشی ترقی کے سفر اور عالمی سطح پر اس کے مستقبل کے کردار پر تفصیلی اظہار خیال کیا۔

    رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ جغرافیائی اعتبار سے پاکستان کا محل وقوع غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے اور گزشتہ آٹھ دہائیوں سے ملک علاقائی و عالمی سطح پر بلاواسطہ اور بالواسطہ اہم کردار ادا کرتا آ رہا ہے، مشرقی و مغربی سرحدوں سے درپیش خطرات اور نامساعد حالات کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ امن و استحکام کیلئے کامیاب کردار ادا کیا۔

    انہوں نے کہا کہ علاقائی اور عالمی امن کے قیام میں پاکستان کی خدمات کسی تعارف کی محتاج نہیں اور امن کی کوششوں میں پاکستان نے ہمیشہ صف اول کا کردار ادا کیا ہے۔

    امریکا ایران تنازعے کے حوالے سے سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مثبت سفارتی کاوشوں اور سہولت کاری کو اس کی کامیاب سفارتی تاریخ کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے، موجودہ تنازعے میں متعلقہ فریقین اور خطے کے دیگر ممالک کی جانب سے پاکستان پر اعتماد کا اظہار باعث فخر ہے، اور پاکستان اپنا کردار نیک نیتی، ذمہ داری اور خلوص کے ساتھ ادا کر رہا ہے۔

    رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی اب جیوپولیٹکس سے بڑھ کر جیو اکنامکس پر مرکوز ہے اور پاکستان چین، وسطی ایشیا اور خلیجی ریاستوں کے درمیان ایک اہم معاشی راہداری فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، آبنائے ہرمز کی بندش کے تناظر میں بھی پاکستان کی جغرافیائی اہمیت مزید نمایاں ہو کر سامنے آئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مخصوص جغرافیائی حالات اور تاریخی واقعات نے جہاں پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے، وہیں درپیش مسائل نے معاشی ترقی کو متاثر بھی کیا ہے، پاکستان دنیا کی قدیم تہذیبوں میں شمار ہوتا ہے اور وہ علاقائی و عالمی امن اور معاشی استحکام میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

    انہوں نے بانی پاکستان محمد علی جناح کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قائداعظم نے پاکستان کو دنیا کا مرکز بننے کی پیش گوئی کی تھی جو آج بھی اتنی ہی اہم اور مستند ہے اور یہی وژن پاکستان کی منزل ہے۔

    آخر میں سفیر پاکستان نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر منتظمین، جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کی قیادت خصوصاً رائے حسن مسعود کھرل اور انٹرنیشنل اکیڈمی آف لیٹرز کے صدر غضنفر ہاشمی کو خراج تحسین پیش کیا۔

    14 مناظر